یوم مزدورکی اہمیت
یوم مزدور محض ایک دن نہیں، بلکہ احساس کا وہ لمحہ ہے جہاں انسان کی سوچ آکر ٹھہر جاتی ہے اور انسانی ہمدردی کے لوازمات سے لبریز ہوجاتی ہے۔ یوم مزدور یکم مئی کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ یوم مزدور منانے کا مقصد مزدور کی محنت کو سلام پیش کرنا ہے۔ اس دن دنیا بھر میں عام تعطیل منائی جاتی ہے تاکہ مزدور طبقے کو یہ احساس دلایا جاسکے کہ ان کے بغیر معاشرے کی ترقی ممکن ہی نہیں۔مزدور انسان دو وقت کی روٹی کے حصول کے لئے انسان کبھی کبھا ر اتنا بے بس اور لا چار ہو جا تا ہے کہ اس کا جی چاہتا ہے کہ وہ اس سے بہتر وہ بھوکا ہی ہے، مگر گھر میں بلبلاتے بچوں کو دیکھ کر جب اس کا کلیجہ منہ کو آتا ہے تو اپنا مختصر سا سامان اٹھا کر وہ روزی کمانے کے سلسلے میں نکل ہی پڑتا ہے ۔
ایسا اس دن بھی ہوتا ہے جس دن دنیا اسی انسان سے ہمدردی جتانے کی خاطر اس کا دن یعنی ” لیبر ڈے منا رہی ہوتی ہے ۔ بسا اوقات اسے لگتا ہے کہ اس کی زندگی کا مقصد صرف اور صرف کمانا ہی ہے ۔ محنت سے کسی کو انکار نہیں۔ مقصد کے حصول کے لئے محنت ہر انسان کو کرنا ہوتی ہے ، اور یوم مزدور اسی لیے منایا جاتا ہے کہ مزدور طبقہ خود کو کمتر نہ سمجھتے ہوئے ملک و ملت کی فلاح کے لیے کام کرے۔
یوم مزدور،اس عالمگیر دن کو منانے والے بھی اکثر مزدوروں کے حقوق سے نابلد ہوتے ہیں ، مگرمزدور طبقے کی خاطر اور انہیں اس کا حق دلانے کے لیے ہمدردی کا علم اٹھائے وہ سب سے آگے ہوتے ہیں ۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ ان علم برداروں میں بہت سے لوگ اپنے گھروں میں کام کرنے والوں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں اختیار کئے ہوتے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ یوم مزدور کو عام تعطیل کے طور پر نہ منایا جائے، بلکہ یہ ایک عزم کا دن ہے۔

دنیا میں بے شمار ممالک ایسے ہیں جہاں دن رات مزدوروں سے کام لیا جاتا ہے ۔ بے شمار کمپنیاں ایسی موجود ہیں جو مزدور سے انسان ہوتے ہوئے جانوروں کی طرح کام لیتی ہیں اور پھر انہیں معقول معاوضہ بھی نہیں دیتیں۔ مزدور سالہا سال آواز بلند کرتے ہیں ۔ روزی کمانے کی خاطر اپنی عزت نفس بھی کھو بیٹھتے ہیں ۔ گویا وہ محنت کا اجر نہیں مانگتے ، بلکہ اپنی عزت نفس کا سودا کرتے ہیں ۔اس وقت یہ دن یاد آتا ہے نہ مزدوروں کے حقوق۔ بس ایک ہی دن عالمگیر معاہدوں کی پاسداری میں مزدوروں کو خوش کیا جا تا ہے اور دن ڈھلتے ہی وہ سارے قانون ، سارے معاہدے سورج کے ساتھ ہی غروب ہو جاتے ہیں اور مزدوروں کے لئے اگلے سال طلوع ہونے والا سورج سب کو یاد دہانی کراتا ہے کہ آج کسی کے لئے ایک خاص دن ہے ۔
اگر حقیقت کی آنکھ سے دیکھا جائے تو ایک ملک کی اقدار اور اس کی معاشی ترقی میں نچلے طبقے کا ہاتھ بہت بلند ہے ۔ انہی لوگوں کی محنت سے ملک کی پائیداری میں اضافی ہوتا ہے اور چار دیواری مضبوط ہوتی ہے ۔ یہی لوگ دراصل بادشاہ ہوتے ہیں ، اپنی ذات اور اپنے کام میں ۔ ان کی ذرا سی بے پرواہی ملک کی بنیادیں ہلا سکتی ہیں ۔ کسان اور مزدور لوگوں کی محنت ہی تو ملک میں ہری بھری فصلوں کو پروان چڑھانے اور ملک کو خوبصورتی کی راہ پر لے آتی ہے ۔ کچی بنیادوں سے مضبوطی کی جانب یہ راستہ ان کی محنت کا محتاج اور ملک کی اقتصادی ترقی ان کی قابلیت کا ثمر ہے ۔
