اے وطن! تیرا اشارہ آگیا

اے وطن! تیرا اشارہ آگیا۔۔۔

وطن

اے وطن! تیرا اشارہ آگیا ہے کہ ہم وہ نسل ہیں، جس نے ۷۴کی داستانیں سنیں،۵۶ اور ۳۷ کی جنگوں میں پاکستانیوں اور خصوصا پاک فوج کی دلیری کے حالات اور واقعات پڑھے…لیکن آج ہم اس عہد میں داخل ہو گئے ہیں جہاں دشمن کے سامنے سر اٹھا کر، آنکھوں میں آنکھیں ڈال کراسے جواب دینے کاوقت ہے۔ بہادری سے جینے کا وقت ہے۔
اے وطن!ہمیں جنگ مسلط ہونے کا خوف نہیں،جنگ میں داخل ہونے کا ڈر نہیں…مانا کہ جنگوں میں تباہی ہوتی ہے،بربادی ہوتی ہے…لیکن ہم تیار ہیں۔۔۔اسلام اور وطن کی سالمیت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔ ہم سر کٹانے کے لیے تیار ہیں، مر مٹنے کے لیے تیار ہیں۔ ہم جو آپس کی نفرت، عداوت اور خودغرضی کی آگ میں سالوں سے جل رہے تھے، ان سب سے چھٹکارے کا وقت ہے۔ کیوں کہ وطن تو نے پکارا ہے۔ تیری پکار کا جواب اپنا خون بھی بہا کر دیں گے۔بجائے اس کہ ہم دشمن کی لگائی آگ کی نذر ہوجائیں، ہم متحد ہیں۔۔۔کیونکہ تیرا اشارہ آگیا ہے۔
اے وطن کی سر زمین! تو نے ہمیں پال پوس کر جوان کیا، ہمارے خوابوں کو پورا کیا، اب وقت آگیا ہے کہ تیرا قرض اتارا جائے…تو اے وطن!تیری پکار پر لبیک۔۔۔تیرے اشارے پر سر قربان،۔۔۔تیری سالمیت پر جان نثار…کیونکہ ہم ہی ہیں جو مشرق سے ابھرتے ہوئے سورج کی مانند گرم اور دشمن کی آنکھیں نوچ لینے والے ہیں۔ ہم ہی نے تاریخ بنانی ہے اور ہم ہی ہیں جنہوں نے مجاہدین اوراپنے شہیدوں کی تاریخ کی سچائی پر دلیری اور حقیقت کی مہر لگانی ہے کہ تو ہی تو ہے جس کے لیے ہم جیتے آرہے ہیں۔
اے وطن! ہم نے کئی اتار چڑھاؤ دیکھے، ہم نے سیاست، معیشت اور مذہب کی بنیاد پر اپنے ہی لوگوں کو لڑتے مرتے دیکھا…مگر اب ہم چاہتے ہیں کہ اپنے خون سے تیری آبیاری کریں۔ہم وہ نسل ہیں، جنہیں قاعدوں میں سکھایا گیا، اپنے آباؤاجداد کی دیدہ دلیری کے بارے میں بتایا گیا اور تجھ پر قربان ہونے کے لیے ہمارے خون کو گرمایا گیا
تو اے وطن! دشمن بھی جان لے کہ تجھ پر جان قربان کرنے کے جوفصل تیار ہورہی تھی، تو وہ فصل تیار ہے۔تیرے ایک اشارے پر ہم سب ایک جھنڈے تلے جمع ہیں۔غربت اور افلاس کی چنگھاڑ نے ہماری روحوں کو سلا دیا تھا۔ ہم زندہ دلوں کو مار دیا تھا، مگر تیری پکار نے ہم سب کو زندہ کردیا ہے۔ہمارے اندر ایک نئی روح پھونک دی ہے۔ولولے، جراٗت اور احساس کی وہ روح جو ہمارے اندر سلا دی گئی تھی، پھر سے جاگ اٹھی ہے۔
اے وطن! ہماری روحوں میں وہ زلزلے بپا ہیں کہ ہم تیرے لیے کچھ کرنے کے لیے حاضر ہیں،ہماری روحیں سرشار ہیں، ہم پر جوش ہیں۔ ہم خوش اور مطمئن ہیں اور تجھے خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں…ہم مر بھی جائیں لیکن تو تابندہ و پائندہ رہے گا۔ قیامت تک تو سلامت رہے گا۔ ہم نہیں ہوں گے، تیری تیری سلامتی کے حالات آنے والی نسلیں پڑھیں گی بالکل ایسے ہی جیسے تو نے ہمارا حوصلہ باندھے رکھا اور اسی لیے ہم بے خوف ہیں۔

پیارا وطن سلامت رہے، تاقیامت رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں